اسٹار وارز کی نئی فلم کے منتظر مداحوں کو دھچکا، ہدایت کار ٹائیکا ویٹیٹی کا اہم انکشاف

چھ سال سے زیرِ تیاری فلم غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی، ہدایت کار نے دیگر منصوبوں میں مصروفیت کو فیصلے کی وجہ قرار دیا۔

اسٹار وارز کی نئی فلم کے منتظر مداحوں کو دھچکا، ہدایت کار ٹائیکا ویٹیٹی کا اہم انکشاف

ہالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز اسٹار وارز کے مداحوں کے لیے مایوس کن خبر سامنے آئی ہے۔ معروف نیوزی لینڈ نژاد ہدایت کار اور اداکار ٹائیکا ویٹیٹی نے تصدیق کی ہے کہ ان کی طویل عرصے سے زیرِ تیاری اسٹار وارز فلم پر فی الحال کام روک دیا گیا ہے۔

ٹائیکا ویٹیٹی نے اپنی نئی فلم ’کلارا اینڈ دی سن‘ کی تشہیر کے دوران انٹرویو میں بتایا کہ اسٹار وارز کا منصوبہ غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے، جبکہ وہ اور اسکرین رائٹر ٹونی میک نامارا اب ایک دوسرے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔

ہدایت کار نے انٹرویو میں وضاحت کی کہ فی الحال اس فلم کو آگے بڑھانے کا کوئی پروگرام نہیں۔ تاہم انہوں نے مستقبل میں منصوبے کی بحالی کا امکان مکمل طور پر مسترد بھی نہیں کیا۔

ٹائیکا ویٹیٹی کے مطابق اس وقت ان کی توجہ تقریباً چار دوسری فلموں پر مرکوز ہے، جن کی وجہ سے اسٹار وارز کے منصوبے کو مزید وقت دینا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں اشارہ دیا کہ جس طرح برفانی دور ختم ہوجاتے ہیں، اسی طرح یہ منصوبہ بھی کبھی دوبارہ شروع ہوسکتا ہے۔

اسٹار وارز کی اس نئی فلم کا اعلان مئی 2020 میں کیا گیا تھا۔ اس وقت فلم ساز ادارے لوکاس فلم نے بتایا تھا کہ ٹائیکا ویٹیٹی فلم کی ہدایت کاری کے ساتھ اس کا اسکرپٹ بھی لکھیں گے۔ ابتدائی طور پر اسکرین رائٹر کرسٹی ولسن کیرنز کو ان کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا۔

بعد میں معروف فلم ’پور تھنگز‘ کے مصنف ٹونی میک نامارا بھی اس منصوبے کا حصہ بنے۔ اپریل 2025 میں لوکاس فلم نے ان کی شمولیت کی تصدیق کی تھی، جس سے فلم کے مستقبل کے حوالے سے نئی امید پیدا ہوئی تھی۔

تاہم تازہ انٹرویو میں ٹائیکا ویٹیٹی نے واضح کردیا کہ وہ اور ٹونی میک نامارا فی الحال اسٹار وارز کے بجائے ایک مختلف منصوبے پر کام کریں گے۔ جب ان سے اس نئے منصوبے کی تفصیلات پوچھی گئیں تو انہوں نے اپنے نمائندے سے مشورہ کرنے کے بعد مزید معلومات دینے سے گریز کیا۔

ٹائیکا ویٹیٹی اسٹار وارز کی دنیا سے پہلے بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے مقبول ٹیلی وژن سیریز ’دی مینڈلورین‘ کی ایک قسط کی ہدایت کاری کی تھی اور اس میں روبوٹ کردار آئی جی 11 کے لیے اپنی آواز بھی فراہم کی تھی۔

اس سے قبل نومبر 2023 میں ویٹیٹی نے کہا تھا کہ وہ اسٹار وارز کی فلم جلد بازی میں مکمل کرنے کے بجائے اس کے معیار پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ اتنے بڑے فلمی منصوبے کو مناسب وقت دینا ضروری ہے۔

ہدایت کار کی حالیہ مصروفیات میں ’کلارا اینڈ دی سن‘ سمیت متعدد فلمی منصوبے شامل ہیں۔ نئی فلم میں اداکارہ جینا اورٹیگا اہم کردار ادا کررہی ہیں اور اس کی ریلیز 23 اکتوبر 2026 کو متوقع ہے۔

واضح رہے کہ اسٹار وارز کی مجوزہ فلم کی منسوخی کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ ٹائیکا ویٹیٹی کے تازہ بیان سے صرف یہ تصدیق ہوتی ہے کہ منصوبے پر کام غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا ہے اور اس کی دوبارہ تیاری یا ریلیز کی کوئی نئی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

خبر شیئر کریں: