پنجاب میں جدید فلم سٹی تیار، افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا
پنجابی فلموں پر 35 اور اردو فلموں پر 20 فیصد ریبیٹ دینے کا فیصلہ، پرانے سینما گھروں کی بحالی اور فلم اینڈ میوزک اسکول بنانے کی بھی منظوری
لاہور: پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی اور سہولتوں سے لیس فلم سٹی کے آغاز کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، جس کا افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا۔ صوبے میں بننے والی پنجابی اور اردو فلموں کے لیے مالی رعایت کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت پنجاب فلم اتھارٹی کے پہلے اجلاس میں فلمی صنعت کی بحالی اور لاہور کو دوبارہ فلم سازی کا مرکز بنانے کے لیے مختلف فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں بننے والی پنجابی فلموں کو 35 فیصد اور اردو فلموں کو 20 فیصد ریبیٹ دیا جائے گا۔
رائلٹی سے متعلق قانون تیار کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، جسے اتھارٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ فلم اینڈ میوزک اسکول، فلم ٹریڈنگ ہاؤس، پوسٹ پروڈکشن کی سہولت، اسٹوڈیو کمپلیکس، جدید فلم اسٹوڈیوز اور کنونشن سینٹر بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔
مالی سال 2026-27 کے لیے فلم سٹی اتھارٹی کا 58 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ جائزے کے لیے فنانسنگ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا۔ اتھارٹی کی 53 آسامیوں میں سے پہلے مرحلے میں 26 افراد بھرتی کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ بھرتیوں اور برطرفیوں کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا۔
اجلاس میں چھ مختلف کمیٹیوں کے قیام اور پنجاب فلم فنڈ کمیٹی کی تشکیل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پرانے سینما گھروں کی بحالی، سولر سسٹم لگانے اور عوام کو کم قیمت تفریح فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔





