گھر کے جھگڑوں نے اداکاری پر گہرا اثر ڈالا، فردوس جمال کی بچپن کی یادیں
والد کم عمری میں فلمیں دکھانے لے جاتے تھے، خاندانی ماحول سے انسانی جذبات کو سمجھنے کا موقع ملا، سینئر اداکار۔
لاہور: سینئر اداکار فردوس جمال نے اپنے بچپن سے متعلق اہم انکشافات کیے اور بتایا ہے کہ میرے اردگرد کے خاندانی حالات نے میری شخصیت اور اداکاری پر گہرا اثر ڈالا۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس جمال کا کہنا ہے کہ میرے والد نے سب سے پہلے مجھ میں اداکاری کا شوق محسوس کیا اور وہ مجھے کم عمری میں فلمیں دکھانے لے جایا کرتے تھے، جس سے میری اسکرین سے دلچسپی پیدا ہوئی۔ تاہم، گھر کے ماحول نے بھی میری ڈرامائی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کردار ادا کیا۔
اداکار نے بتایا ہے کہ میرے والد کی 2 بیویاں تھیں اور میرے تقریباً 10 بہن بھائی ہیں۔ دونوں بیویوں کے درمیان شوہر کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اکثر جھگڑے ہوتے تھے، جب والد ایک بیوی کے گھر جاتے تو دوسری روتی اور آہ و زاری کرتی تھی۔
فردوس جمال کے مطابق میں نے بچپن سے ہی یہ خاندانی صورتِ حال دیکھی، جس نے مجھے انسانی جذبات اور گھریلو تنازعات کو قریب سے سمجھنے کا موقع دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ماحول نے میرے اندر موجود ڈرامائی صلاحیتوں اور کرداروں کو سمجھنے کی صلاحیت کو متاثر کیا۔





