کشمیریوں کی جدوجہد کو جبر سے نہیں دبایا جا سکتا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

یوم سیاہ کی ریلی سے خطاب میں وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

کشمیریوں کی جدوجہد کو جبر سے نہیں دبایا جا سکتا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کو جبر اور تشدد کے ذریعے نہیں دبایا جا سکتا۔

یوم سیاہ جموں و کشمیر کے موقع پر اسلام آباد میں نکالی گئی ریلی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندوں، دفتر خارجہ کے حکام اور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی، جس سے جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک طویل اور تکلیف دہ دور کا آغاز ہوا۔ تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت تسلیم شدہ حق خودارادیت سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو دہائیوں سے بنیادی آزادیوں پر پابندیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے، تاہم ان کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔ ان کے بقول کشمیریوں کی قربانیاں انصاف، امن اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کے لیے ان کی جدوجہد کی عکاسی کرتی ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں۔ پاکستان کے مؤقف کے مطابق تنازع کے منصفانہ، پرامن اور پائیدار حل کے لیے عالمی برادری کا کردار اہم ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بین الاقوامی تشویش بڑھی۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں کی جانے والی قانون سازی، بنیادی آزادیوں پر پابندیوں، آبادیاتی و سیاسی تبدیلیوں اور کشمیری رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل نظر بندی سے عوام میں عدم تحفظ اور احساس محرومی میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے ساتھ برتاؤ پر تشویش ظاہر کی ہے، جس کے لیے عالمی برادری کی مسلسل توجہ اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔

نائب وزیراعظم نے عالمی برادری سے کشمیری عوام کے مصائب ختم کرنے اور ان کے بنیادی حقوق کے احترام کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہر متعلقہ عالمی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔

خبر شیئر کریں: