نوشکی کے گرلز کالج میں مسلح افراد کی فائرنگ، 3 طالبات زخمی
پولیس کے مطابق ملزمان نے پرنسپل کے دفتر اور سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی نقصان پہنچایا، ایک زخمی طالبہ کی حالت تشویشناک ہے۔
کوئٹہ: نوشکی کے گرلز ڈگری کالج میں مسلح نقاب پوش افراد کی فائرنگ سے تین طالبات زخمی ہوگئیں، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق منگل کو تین نامعلوم مسلح افراد کالج میں داخل ہوئے اور سی سی ٹی وی کیمرے توڑنے کے ساتھ پرنسپل کے دفتر میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ اس کے بعد ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والی طالبات کی شناخت میمونہ، مریم اور رخسار کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور زخمی طالبات کو میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کیا گیا، جہاں ایک طالبہ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے محرکات اور ملزمان سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ پولیس واقعے کی مزید کارروائی کر رہی ہے۔





