بریسٹ کینسر سے بچاؤ اور بروقت تشخیص کیلئے گوادر یونیورسٹی میں سیمینار

ماہرین نے بریسٹ کینسر کی علامات، جینیاتی عوامل اور طبی معائنے کی اہمیت پر گفتگو کی، سیمینار کے بعد آگاہی واک بھی کی گئی۔

بریسٹ کینسر سے بچاؤ اور بروقت تشخیص کیلئے گوادر یونیورسٹی میں سیمینار

گوادر: گوادریونیورسٹی میں انڈس ہسپتال گوادر اور پنک ربن پاکستان کے اشتراک سے بریسٹ کینسر سے آگاہی اور جینیات کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔

سیمینار کا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی بڑھانا اور خطرات کی بروقت شناخت اور ابتدائی تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔

ماہرینِ صحت نے بیماری کی علامات، جینیاتی عوامل، احتیاطی تدابیر اور بروقت طبی معائنے پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے مؤثر علاج اور بہتر نتائج کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

سیمینار کی کلیدی مقرر اور انڈس ہسپتال گوادر کی گائناکالوجسٹ ڈاکٹر شازیہ نے بریسٹ کینسر سے آگاہی اور خواتین کی صحت کے موضوع پر گفتگو کی۔

پینل ڈسکشن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر، جامعہ گوادر کے شعبہ کیمسٹری کی لیکچرر اور جینیٹک کونسلر شلی انور اور انڈس ہسپتال کے شعبہ سرجری سے ڈاکٹر رفعت وہاب نے شرکت کی۔ پینل کی نظامت شعبہ کیمسٹری کی لیکچرر سنگین ولید نے کی۔

سیمینار میں جامعہ گوادر کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر جان محمد، فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ کے ڈین ڈاکٹر محب اللہ، انڈس ہسپتال کے ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر ناصر شیخ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم مہر، اساتذہ اور انتظامی افسران سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔

اختتام پر پنک ربن پاکستان کے لیے جامعہ گوادر کی فوکل پرسن شمع سلیمان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی جانب سے شرکاء کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ بعد ازاں جامعہ کے احاطے میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے واک بھی کی گئی۔

خبر شیئر کریں: