جام کمال خان نے دوحہ میں پاکستانی مصنوعات کے ڈسپلے سینٹر کا افتتاح کردیا

پاکستانی برآمد کنندگان اور قطری کاروباری اداروں کے براہِ راست روابط بڑھانے پر زور، عالمی منڈیوں تک رسائی حکومت کی ترجیح قرار۔

جام کمال خان نے دوحہ میں پاکستانی مصنوعات کے ڈسپلے سینٹر کا افتتاح کردیا

دوحہ / اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے، ان کی تشہیر اور ملکی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔ حکومت پاکستان کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش کی کوششوں میں اس اقدام کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وزارتِ تجارت کے مطابق ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر قطری خریداروں کو پاکستانی مصنوعات سے روشناس کرانے اور پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس مرکز کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور تشہیر کے ساتھ ساتھ مقامی کاروباری اداروں کے ساتھ تجارتی روابط کو مضبوط بنانے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

دورہ دوحہ کے دوران وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وہاں مقیم پاکستانی کاروباری برادری سے بھی اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ، پاکستانی برآمدات میں اضافے اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ قطر کی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے کاروباری روابط کو مضبوط بنانا اور پاکستانی برآمد کنندگان و قطری کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کو فروغ دینا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کاروباری برادری ملکی برآمدات کے فروغ اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

وزارتِ تجارت کے مطابق پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا قیام ملکی برآمد کنندگان کو نئی منڈیوں تک رسائی دینے، تجارتی روابط میں اضافے اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر تشہیر کے حکومتی عزم کا حصہ ہے۔

خبر شیئر کریں: