کچھی اور وڈھ میں 9 دہشت گرد ہلاک، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔

کچھی اور وڈھ میں 9 دہشت گرد ہلاک، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ، اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں کچھی اور وڈھ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کچھی میں کی گئی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

وڈھ میں کی گئی ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ کارروائی میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام ویژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ اور معاونت شدہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کچھی اور وڈھ میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ پاکستان کی سلامتی اور امن کو نقصان پہنچانے والے دہشت گرد اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرأت کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

خبر شیئر کریں: