بین اسٹوکس نے ایشز سیریز میں واپسی کی خبروں کو مسترد کردیا

انگلینڈ کے سابق کپتان نے 2027 کی ایشز سیریز میں دوبارہ کھیلنے سے متعلق رپورٹ کو گمراہ کن قرار دے دیا۔

بین اسٹوکس نے ایشز سیریز میں واپسی کی خبروں کو مسترد کردیا

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ایشز سیریز میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔

برطانوی اخبار آئی پیپر اسپورٹ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بین اسٹوکس مخصوص شرائط پوری ہونے کی صورت میں ایشز سیریز کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں واپسی پر غور کرسکتے ہیں۔

تاہم 35 سالہ سابق کپتان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس رپورٹ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایشز سیریز میں ان کی واپسی سے متعلق خبر میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

بین اسٹوکس نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ مذکورہ رپورٹ پڑھنے کے لیے اپنی رقم ضائع نہ کریں، کیونکہ اس کی سرخی گمراہ کن ہے۔

واضح رہے کہ بین اسٹوکس نے جون 2026 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج میں کھیلا تھا۔

اسٹوکس انگلینڈ کی کرکٹ تاریخ کے کامیاب آل راؤنڈرز میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 2019 کی ایشز سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ناقابل شکست 135 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو یادگار کامیابی دلائی تھی۔

اسی سال انگلینڈ کو ون ڈے ورلڈ کپ جتوانے میں بھی ان کا اہم کردار رہا تھا۔

آئندہ ایشز سیریز 2027 میں انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔ اگرچہ اسٹوکس کی واپسی کے امکانات پر مختلف رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں، تاہم انہوں نے اپنے تازہ بیان میں واضح کردیا ہے کہ فی الحال بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

خبر شیئر کریں: