پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی مختلف اور بہتر ٹیم نظر آئے گی، بابر اعظم

سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج بنائیں گے، ماضی کے بجائے مستقبل پر توجہ دینا ہوگی، ہر میچ سے کچھ نیا سیکھنے کو ملتا ہے، بابر اعظم

پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی مختلف اور بہتر ٹیم نظر آئے گی، بابر اعظم

راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج تیار کیا جائے گا اور راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک مختلف اور بہتر پاکستانی ٹیم نظر آئے گی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ قومی ٹیم کا ہدف اگلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہے، جس کے لیے ماضی کی کارکردگی کے بجائے مستقبل کے چیلنجز پر توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے حوالے سے ان کی سوچ ہمیشہ مثبت رہی ہے۔ ہر شخص کی اپنی رائے ہوتی ہے، تاہم کوئی بھی کھلاڑی مکمل نہیں ہوتا اور سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رہتا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جتنی زیادہ کرکٹ کھیلیں گے، اتنی ہی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ ان کے لیے ہر میچ اور ہر سیریز اہم ہے اور وہ ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی لینا اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔ بعض اوقات کھلاڑی توقعات کے مطابق کھیل پیش نہیں کرپاتے، لیکن ضروری ہے کہ ماضی کی ناکامیوں میں الجھنے کے بجائے آگے بڑھا جائے۔

اپنی بیٹنگ سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے بتایا کہ وہ کوچز کے ساتھ مل کر کارکردگی بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں اور ہر میچ کے بعد اپنی بیٹنگ کا جائزہ لیتے ہیں تاکہ خامیوں کو دور کیا جاسکے۔

نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نئے کرکٹرز کو اعتماد دیا جارہا ہے، جبکہ ٹیم کے انتخاب کی ذمہ داری کوچز اور سلیکٹرز کی ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ اپنی ذمہ داری احسن انداز میں پوری کریں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ محمد یوسف نے ان سے براہ راست رابطہ نہیں کیا بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بات کی ہے۔ اگر وہ رابطہ کریں گے تو ضرور ان سے رہنمائی حاصل کریں گے، کیونکہ ہر شخص کا سوچنے اور معاملات کو سمجھنے کا اپنا انداز ہوتا ہے۔

خبر شیئر کریں: