ویرات کوہلی نے صفر پر آؤٹ کرنے والے بولر کو اپنی جرسی تحفے میں دے دی
بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 244 رنز کی بھاری شکست، میٹ ہنری نے 27 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں
ماؤنٹ مونگانوئی: بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، تاہم میچ کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری کو اپنی جرسی تحفے میں دے کر شائقین کی توجہ حاصل کر لی۔
سابق بھارتی کپتان کو صفر پر آؤٹ کرنے والے میٹ ہنری نے اس مقابلے میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
میٹ ہنری کی تباہ کن بولنگ
ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے میچ میں ہنری نے بھارتی اننگز کے پہلے ہی اوور میں روہت شرما، ویرات کوہلی اور شریاس ائیر کو پویلین بھیج دیا اور اوور میں تین وکٹیں حاصل کرکے بھارتی بیٹنگ لائن کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ول ینگ کی 125 رنز کی شاندار اننگز اور ٹم سائیفرٹ کے 58 رنز کی بدولت 333 رنز بنائے تھے۔
جواب میں بھارتی ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے 244 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کی اس بھاری شکست کے باوجود ویرات کوہلی کی جانب سے میٹ ہنری کو جرسی کا تحفہ کھیل کے میدان میں باہمی احترام اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی خوبصورت مثال بن گیا۔





