پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں سخت مقابلہ دیں گے، سری لنکن کپتان کوشل مینڈس
ٹیسٹ کرکٹ وائٹ بال سے مختلف ہے، تمام کھلاڑی مکمل تیار ہیں، پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات بہترین اور کھانے بھی شاندار ہیں، کوشل مینڈس
راولپنڈی : سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ان کی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے، ٹیسٹ کرکٹ وائٹ بال کرکٹ سے مختلف فارمیٹ ہے اور سری لنکن ٹیم گرین شرٹس کو سیریز میں سخت مقابلہ دے گی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوشل مینڈس نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان میں ایک ماہ سے زائد عرصہ کرکٹ کھیلتے ہوئے گزر چکا ہے اور کھلاڑی یہاں کے ماحول سے اچھی طرح واقف ہو چکے ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں سیکیورٹی کے انتظامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھانے بھی بہت زبردست ہیں۔
سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے کیونکہ یہ وائٹ بال کرکٹ سے مختلف اور ایک الگ طرز کا کھیل ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے تمام کھلاڑی مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں توازن موجود ہے اور ٹیم پاکستان کو سخت مقابلہ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
کوشل مینڈس کے مطابق پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے حتمی ٹیم کا انتخاب پچ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔





