ہاؤسنگ منصوبوں میں معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف
وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ کی وزیراعظم سے ملاقات، رہائشی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت۔
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے ملاقات کی، جس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف ہاؤسنگ اسکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے وزیراعظم کو وزارت کے زیرِ انتظام جاری ہاؤسنگ اسکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رہائشی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہاؤسنگ منصوبوں میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے منصوبوں میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے جاری منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عوام کو بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔





