خضدار میں پانچ دہشت گرد ہلاک، وزیراعلیٰ کا پولیس اور ایف سی کو خراجِ تحسین

خضدار میں پانچ دہشت گرد ہلاک، وزیراعلیٰ کا پولیس اور ایف سی کو خراجِ تحسین

کوئٹہ، : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار کے علاقے کرخ میں سکیورٹی آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت پر پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات جاری رہیں گے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ کرخ میں پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بروقت انٹیلی جنس معلومات اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا قانون کے مطابق بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پولیس اور ایف سی کے اہلکار عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے اور مؤثر سکیورٹی اقدامات کے ذریعے صوبے میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

معاونِ وزیرِ اعلیٰ برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بھی کرخ میں کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت پولیس اور ایف سی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے۔

معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بھی کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی کارروائیاں قانون کے مطابق جاری رہیں گی۔

خبر شیئر کریں: