وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کی نوشکی کی زخمی طالبات کی عیادت
وزیر صحت اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کی کوئٹہ کے نجی ہسپتال میں طالبات کی عیادت، بہترین طبی سہولیات اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی۔
کوئٹہ: صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ نوشکی گرلز ڈگری کالج میں فائرنگ سے زخمی ہونے والی طالبات کے علاج معالجے کے تمام اخراجات بلوچستان حکومت برداشت کرے گی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے کوئٹہ کے ایک نجی ہسپتال پہنچ کر زخمی طالبات کی عیادت کی۔
اس موقع پر بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ طالبات کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمی طالبات نے مشکل حالات میں جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا کر ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔
معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے اپنے بیان میں نوشکی گرلز ڈگری کالج پر حملے کا ذمہ دار فتنہ الہندوستان کے سہولت کاروں کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
بابر یوسفزئی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر طالبات کی عیادت کی گئی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔





