ذیابیطس سے بچاؤ اور بروقت تشخیص قومی ترجیح بنائی جائے، صدر آصف زرداری

پاکستان میں 2024 کے دوران 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس کا شکار تھے، ایک چوتھائی سے زائد مریضوں کی تشخیص نہیں ہو سکی، صدرمملکت کا آگاہی مہمات تیز کرنے پر زور

ذیابیطس سے بچاؤ اور بروقت تشخیص قومی ترجیح بنائی جائے، صدر آصف زرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی کو قومی ترجیح بنائے، کیونکہ بروقت اقدامات قیمتی جانیں بچانے اور بیماری کی سنگین پیچیدگیوں سے محفوظ رہنے کے لیے ضروری ہیں۔

ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بیماری سے متعلق آگاہی کا پیغام پورا سال معاشرے کے ہر طبقے اور ہر کمیونٹی تک پہنچنا چاہیے۔

انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، طبی ماہرین، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور اس کی بروقت تشخیص کے لیے آگاہی مہمات کا انعقاد کریں۔ اس سال عالمی دن کا موضوع ’’ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدام‘‘ ہے۔

پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تشویش ناک تعداد

صدر آصف علی زرداری نے بتایا کہ پاکستان میں 2024 کے دوران 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے، جبکہ مریضوں میں سے ایک چوتھائی سے زائد افراد کی تشخیص نہیں ہو سکی تھی۔

انہوں نے اس صورتحال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ مسلسل اور مؤثر اقدامات کا تقاضا کرتا ہے۔

صحت مند طرزِ زندگی اپنانے پر زور

صدر مملکت نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ میٹھے مشروبات، زیادہ چینی اور غیر صحت بخش چکنائی والی غذاؤں سے پرہیز کریں، جبکہ چہل قدمی، ورزش اور کھیلوں کو روزمرہ معمولات کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں میں صحت مند عادات کو فروغ دینا والدین اور تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ذیابیطس سے بچاؤ کی کوششوں کا دائرہ پورے ملک تک پھیلانے اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے معاون عوامی پالیسیوں کی بھی ضرورت ہے۔

خبر شیئر کریں: