پولیو کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رکھیں گے: صدر اور وزیراعظم
عالمی یومِ پولیو پر والدین سے ہر مہم میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کی اپیل
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
عالمی یومِ پولیو پر اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ ملک کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں پر زور دیا کہ ہر پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو دو قطرے ضرور پلوائیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کی جانب نمایاں پیش رفت کی ہے اور کیسز کی تعداد میں 99.8 فیصد کمی آئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رواں سال عالمی یومِ پولیو کا موضوع ’’ایک دن، ایک توجہ: پولیو کا خاتمہ‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موضوع بیماری کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم اور مل کر اقدامات کرنے کی اہمیت واضح کرتا ہے۔





