راولپنڈی میں کالج سے گھر جاتے طالب علم پر مبینہ تشدد، تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

مسلح افراد نے طالب علم کو راستے میں روک کر پستول کے بٹ اور لوہے کے راڈ سے تشدد کا نشانہ بنایا، مقدمہ درج، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری

راولپنڈی میں کالج سے گھر جاتے طالب علم پر مبینہ تشدد، تشویشناک حالت میں اسپتال منتقلAI Generated

راولپنڈی: راولپنڈی کے علاقے مندرہ میں کالج سے گھر واپس جانے والے ایک نوجوان طالب علم کو مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچ گیا۔

پولیس نے متاثرہ طالب علم کے والد کی درخواست پر نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کردیے ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ طالب علم کی شناخت محمد مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے، جو این ایل سی مندرہ میں بی ایس کا طالب علم ہے۔

مقدمے کے متن اور دی گئی درخواست کے مطابق محمد مصطفیٰ کالج سے چھٹی کے بعد موٹر سائیکل پر اپنے گھر جارہا تھا کہ راستے میں قاسم حسین، باسط اور اسماعیل نامی افراد نے مبینہ طور پر اسے گھیر کر روک لیا۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نامزد افراد کے پاس اسلحہ اور لوہے کے راڈ موجود تھے اور انہوں نے پستول کے بٹ اور لوہے کے راڈ سے طالب علم کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

تشدد کے باعث طالب علم موقع پر ہی بے ہوش ہوگیا، جسے فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تھانہ مندرہ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

خبر شیئر کریں: