کراچی میں غیرت کے نام پر خاتون اور نوجوان قتل، شوہر اور اس کا بھائی نامزد

مقتولین اور نامزد ملزمان کا تعلق خضدار سے ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی

کراچی میں غیرت کے نام پر خاتون اور نوجوان قتل، شوہر اور اس کا بھائی نامزد

کراچی: کراچی میں سائٹ سپرہائی وے فقیرہ گوٹھ میں غیرت کے نام پر شوہر نے بھائی کے ساتھ مل کر بیوی اور اس کے دوست کو قتل کر ڈالا۔ تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے فقیرہ گوٹھ میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی اندوہناک واردات پیش آئی ہے، جہاں شوہر نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر بیوی اور اس کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم مقتولین کی شناخت 23 سالہ جمیلہ اور 22 سالہ مہر علی کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولہ جمیلہ بلوچ کالونی کی رہائشی تھی اور فقیرہ گوٹھ میں اپنے بھائی کے گھر آئی ہوئی تھی، جہاں مہر علی بھی موجود تھا، جمیلہ کی شادی 10 سال قبل ہوئی تھی اور اس کے 2 بچے ہیں۔ مقتولین اور مبینہ قاتلوں کا تعلق بلوچستان کے ضلع خضدار سے ہے۔

واقعے کا مقدمہ مقتول مہر علی کے والد کی مدعیت میں سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ مدعی کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر ایوب اور اس کے بھائی (جیٹھ) نے کاروکاری کا الزام لگا کر ان کے بیٹے مہر علی اور جمیلہ کو بے دردی سے فائرنگ کر کے قتل کیا۔

فائرنگ کی اس واردات کے بعد ملزم ایوب اپنے دونوں بچوں کو ساتھ لے کر موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

خبر شیئر کریں: