تربت یونیورسٹی کے طلبہ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا تعلیمی دورہ
بائیو کیمسٹری کے طلبہ نے لیبارٹری ٹیسٹ اور بیماریوں کی تشخیص کے طریقوں کا عملی مشاہدہ کیا
تربت: جامعہ تربت کے شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے بائیو کیمسٹری پروگرام کے طلبہ نے کورس سپروائزر ضمیرہ واحد اور جیئند بلوچ کی سربراہی میں ڈی ایچ کیو ہسپتال تربت کا تعلیمی دورہ کیا۔
طلبہ نے کلینیکل تشخیصی لیبارٹری میں کام کے طریق کار کا عملی مشاہدہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں، بشمول یورینالیسس، ہیماٹولوجی، سیرولوجی اور کلینیکل کیمسٹری کا معائنہ کیا۔ اس دوران طلبہ نے جدید لیبارٹری آلات کا مشاہدہ کیا اور خودکار کیمسٹری اینالائزرز کے طریق کار سے آگاہی حاصل کی۔ انہیں سی بی سی، بلڈ گلوکوز اور گردوں کے ٹیسٹ سمیت بنیادی بائیو کیمیکل معائنوں کے بارے میں عملی معلومات بھی فراہم کی گئیں۔
دورے کے اختتام پر شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر ارشاد معیار نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وحید بلیدی اور ان کی طبی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ کے تعاون کی بدولت طلبہ کو کلینیکل تشخیص اور لیبارٹری کے روزمرہ امور کا عملی تجربہ حاصل ہوا۔
جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اس دورے کے انعقاد پر شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے دورے کلاس روم میں پڑھائے جانے والے تھیوریٹیکل علم کو لیبارٹری کے عملی تجربے سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ تربت تحقیقی اداروں اور صنعتی شعبے کے ساتھ شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتوں سے لیس کیا جا سکے۔





