کوئٹہ میں 2 نومبر کی پولیو مہم کا افتتاح، مہراللہ بادینی نے بچی کو قطرے پلائے
والدین بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں، علما اور قبائلی عمائدین مہم کی کامیابی میں کردار ادا کریں، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ
کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے بچی کو حفاظتی قطرے پلاکر 2 نومبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے والدین، علما کرام، قبائلی عمائدین، اساتذہ، سماجی رہنماؤں اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور مہم کو کامیاب بنانے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو ایک خطرناک اور معذوری کا باعث بننے والی بیماری ہے، جس سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بروقت پولیو ویکسین کے قطرے پلانا انتہائی ضروری ہے۔ والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، خواہ ان کے بچوں کو پہلے بھی متعدد مرتبہ ویکسین کیوں نہ پلائی جا چکی ہو۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، اپنے گھروں میں آنے والے پولیو ورکرز کو خوش آمدید کہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ والدین کی معمولی سی غفلت بچوں کی صحت اور مستقبل کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے، لہٰذا اس قومی فریضے کو سنجیدگی سے ادا کرنا ہر خاندان کی ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پولیو کا خاتمہ صرف حکومت یا محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس مقصد کے حصول کے لیے معاشرے کے ہر فرد اور تمام سماجی اکائیوں کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ علما کرام مساجد، مدارس اور دیگر مذہبی اجتماعات میں پولیو ویکسین کی اہمیت کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کریں اور والدین کو اپنے بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنانے کی ترغیب دیں۔ اسی طرح قبائلی عمائدین، اساتذہ، سیاسی و سماجی رہنما اور میڈیا بھی عوامی آگاہی اور والدین کا اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کی قومی ذمہ داری انجام دیتے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ تعاون کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ کمیونٹی کی فعال شمولیت، والدین کا اعتماد، علما کرام کا تعاون اور متعلقہ اداروں کی مربوط کوششیں ہی پولیو کے خاتمے کی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور کوئٹہ سمیت پورے ملک کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 2 نومبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔





