سپریم کورٹ کا 86 نکاتی اصلاحاتی منصوبہ، 64 اقدامات مکمل، زیرِ التوا مقدمات میں 47 فیصد کمی
نومبر 2024 سے ستمبر 2026 تک کی رپورٹ جاری، 11 اقدامات پر پیش رفت جاری جبکہ مزید 11 پر خصوصی توجہ درکار ہے
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق جامع رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں نومبر 2024 سے ستمبر 2026 تک کیے گئے اقدامات اور پیش رفت کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں عدالتی اصلاحات کے لیے 86 نکاتی ایکشن پلان متعارف کرایا گیا، جس کے 64 اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، 11 پر پیش رفت جاری ہے جبکہ مزید 11 اقدامات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
سپریم کورٹ میں زیرِ التوا مقدمات میں نمایاں کمی
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد 60 ہزار 304 سے کم ہو کر 31 ہزار 927 رہ گئی، جس کے نتیجے میں مقدمات کے بیک لاگ میں تقریباً 47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
آئینی ترمیم کے بعد 22 ہزار 213 مقدمات وفاقی آئینی عدالت منتقل ہوئے۔ نومبر 2024 سے ستمبر 2026 کے دوران نئے دائر ہونے والے مقدمات کے مقابلے میں 6 ہزار 998 زیادہ مقدمات نمٹائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے 2024-25 میں 25 ہزار 989 مقدمات نمٹائے، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 16 ہزار 620 تھی۔ اس طرح مقدمات نمٹانے کی شرح میں تقریباً 56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت میں پیش رفت
رپورٹ کے مطابق سزائے موت کی اپیلوں کی سماعت میں پیش رفت کرتے ہوئے زیرِ التوا مقدمات کا دورانیہ 2015 سے آگے بڑھ کر 2026 تک پہنچ گیا۔ اسی طرح ضمانت بعد از گرفتاری کے مقدمات کی سماعت 2009 سے آگے بڑھ کر 2026 تک، جبکہ خاندانی مقدمات کی سماعت 2010 سے آگے بڑھ کر 2026 تک پہنچ گئی۔
ای فائلنگ اور عدالتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن
سپریم کورٹ میں 45 ہزار 131 سے زائد مقدمات ای فائلنگ کے ذریعے دائر کیے گئے، جبکہ 2 لاکھ 64 ہزار سے زائد عدالتی فیصلوں کو ڈیجیٹل شکل دے دی گئی۔ جدید نظام کے تحت 34 ہزار 883 سے زائد مصدقہ نقول بھی جاری کی گئیں۔
سپریم کورٹ رولز 2025 کے تحت ای فائلنگ، ڈیجیٹل ریکارڈ اور ورچوئل سماعتوں کے لیے قانونی فریم ورک متعارف کرایا گیا۔ اس کے علاوہ عوامی سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے، جہاں سائلین کو عدالتی معلومات اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
مفت قانونی مشوروں اور معاونت کے لیے کال سینٹر قائم کرنے کا اقدام بھی متعارف کرایا گیا، جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اوورسیز لٹیگنٹس فیسیلیٹیشن سیل قائم کیا گیا ہے۔
ضلعی عدالتوں میں لاکھوں مقدمات کے فیصلے
رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی ضلعی عدالتوں نے 14 لاکھ 67 ہزار 675 ٹائم بانڈ مقدمات نمٹائے۔ ماڈل کریمنل کورٹس نے 91 ہزار 71 جبکہ ماڈل سول کورٹس نے 42 ہزار 386 مقدمات کے فیصلے کیے۔
اس کے علاوہ 17 ترجیحی اقسام کے مقدمات کے لیے دو سے 24 ماہ کے اندر فیصلے کرنے کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔
خواتین اور سائلین کے لیے سہولیات
عدالتی اصلاحات کے تحت خواتین کے لیے مختلف عدالتی حدود میں 398 مقامات پر مخصوص سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز، انتظار گاہیں، بچوں کی دیکھ بھال کے انتظامات اور علیحدہ واش رومز شامل ہیں۔
عدالتی عملے کی بدعنوانی، رشوت ستانی اور بدانتظامی سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے اینٹی کرپشن ہاٹ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے عدالتوں میں شمسی توانائی، ای لائبریریز اور صاف پانی کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عدالتی اصلاحات کا بنیادی مقصد شہریوں کو بروقت انصاف، آسان طریقہ کار اور بہتر عدالتی سہولیات فراہم کرنا ہے۔





