نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کی تجویز، حکومتی قانونی ٹیم کا آئینی پہلوؤں پر غور
آئینی ترمیم کے لیے مطلوبہ پارلیمانی حمایت نہ ملنے پر متبادل راستہ تلاش کیا جا رہا ہے، پارلیمنٹ سے منظوری لینے اور عدالتی رائے حاصل کرنے کی تجاویز بھی زیرِ غور
اسلام آباد: نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر آئینی ترمیم کے لیے مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہونے کے بعد حکومتی قانونی ٹیم نے ریفرنڈم کرانے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ قانون، وزارتِ پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے آئینی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ آئینی ترمیم کے لیے مطلوبہ حمایت نہ ملنے کی صورت میں ریفرنڈم کو متبادل راستے کے طور پر زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی جانب سے پارلیمنٹ سے ریفرنڈم کی اجازت لینے اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظوری حاصل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی حمایت نہ ملنے کا معاملہ
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیم کی حمایت نہ کیے جانے کے باعث معاملہ ریفرنڈم کے لیے پارلیمنٹ میں لے جانے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہونے کے باوجود مجوزہ آئینی ترمیم کی حمایت کا عندیہ نہیں دے رہی۔
ریفرنڈم کی آئینی اور قانونی حیثیت کے تعین کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا امکان بھی زیرِ غور ہے۔ تاہم ریفرنڈم کے انعقاد یا اس حوالے سے کسی حتمی فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔





