پاکستان کا خلیجی خطے میں بحری آمدورفت کے تحفظ اور کشیدگی میں کمی پر زور

اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مندوب سید حیدر شاہ نے خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سفارت کاری اور علاقائی مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ کر دیا

پاکستان کا خلیجی خطے میں بحری آمدورفت کے تحفظ اور کشیدگی میں کمی پر زور

نیویارک: پاکستان نے خلیجی خطے میں فوجی اشتعال انگیزی اور غیر قانونی حملوں کے فوری خاتمے پر زور دیتے ہوئے تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام، شہریوں اور تجارتی جہازوں کے تحفظ اور پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششیں بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے خلیجی ممالک سمیت وسیع تر خطے کی سلامتی پر پڑنے والے اثرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی سلامتی اور خوشحالی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے خلاف حملوں کی مذمت اور ان کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

سعودی عرب پر حملوں کی مذمت

پاکستانی مندوب نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حملوں اور دھمکیوں کی بھی شدید مذمت کی، جن میں شہری تنصیبات اور قانونی تجارت میں مصروف بحری جہازوں کو نشانہ بنانا شامل ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈوں اور توانائی کی تنصیبات سمیت شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے ناقابلِ قبول ہیں۔

آبنائے ہرمز اور باب المندب کی اہمیت

سفیر سید حیدر شاہ نے آبنائے ہرمز اور باب المندب کی تزویراتی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بحری آمدورفت کو لاحق خطرات اور تجارتی جہازوں پر حملوں سے ملاحوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ رہی ہیں، جبکہ بین الاقوامی تجارت متاثر ہونے کے ساتھ توانائی اور خوراک کے عدم تحفظ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق کمزور معیشتوں کے لیے یہ صورتحال خاص طور پر تشویشناک ہے۔

انہوں نے بحری جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کے احترام، تجارتی جہازوں اور ان کے عملے کے تحفظ، معمول کی بحری آمدورفت کی بحالی اور انسانی امداد کی محفوظ و بلا رکاوٹ ترسیل پر زور دیا۔

مذاکرات اور سفارت کاری ہی پائیدار امن کا راستہ

پاکستانی مندوب نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے علاقائی تنازعات اور عدم استحکام کی بنیادی وجوہات کا حل ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے مشترکہ سلامتی، پُرامن بقائے باہمی اور باہمی خوشحالی پر مبنی علاقائی نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ حملے بند کریں، رابطے کے ذرائع کھلے رکھیں اور علاقائی اقدامات سمیت اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی مصالحتی کوششوں کی حمایت کریں۔

سید حیدر شاہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر کشیدگی میں کمی، بحری سلامتی اور پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے برادر اور دوست ممالک اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

خبر شیئر کریں: