شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 16 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

میر علی، دتہ خیل اور علی خیل میں جھڑپیں، ہلاک خوارج میں 2 افغان شہری بھی شامل، حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے جام شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 16 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران 16 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں کارروائی کے دوران 12 خوارج ہلاک ہوئے، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں، جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران 2، 2 خوارج مارے گئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید

ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارج کے ساتھ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 43 سالہ حوالدار عصمت علی، ساکن ضلع صوابی، اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی، ساکن ضلع مردان، نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

انہوں نے 16 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی، جبکہ مقابلے کے دوران شہید ہونے والے نائیک آفتاب علی اور حوالدار عصمت علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

خبر شیئر کریں: