گلگت بلتستان میں مسافر گاڑی دریا میں جاگری، 3 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق

وادی یاسین میں مورکہ پل کے قریب حادثہ، 2 افراد زخمی، مقامی رضاکاروں نے 10 لاشیں دریا سے نکال لیں، وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس

گلگت بلتستان میں مسافر گاڑی دریا میں جاگری، 3 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق

غذر: گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی وادی یاسین میں مسافر گاڑی دریائے یاسین میں گرنے سے 3 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ وادی یاسین میں مورکہ پل کے قریب پیش آیا، جہاں مسافروں کو لے جانے والی گاڑی بے قابو ہوکر دریا میں جاگری۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی رضاکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور دریا سے 10 افراد کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کردیں۔

امدادی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ حادثے میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا اظہار افسوس

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے وادی یاسین میں پیش آنے والے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو امدادی سرگرمیوں میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور زخمیوں کے علاج کی نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا کہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

خبر شیئر کریں: