پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، عالمی سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینے کا اعلان

اسلام آباد میں دو روزہ منرلز انویسٹمنٹ فورم کا آغاز، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت چاروں صوبوں کی اعلیٰ قیادت کی شرکت

پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، عالمی سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینے کا اعلان

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے اور حکومت معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے عالمی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے افتتاحی روز خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کے ایک اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور معدنی شعبہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور اعتماد قابل تحسین ہے، جبکہ منرلز انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد سے سرمایہ کاری اور معدنی شعبے کی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

نائب وزیراعظم نے غیر ملکی مندوبین اور سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت اعلیٰ قیادت کی شرکت

فورم میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین بھی فورم میں شریک ہوئے۔

پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے ذخائر کی تلاش جاری، مریم نواز

فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے اور ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونے کی موجودگی اور اس کی مقدار کا تعین کرنے کے لیے سروے جاری ہیں، جن میں سونے کے ذخائر کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

مریم نواز کے مطابق پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ سمیت مختلف معدنی وسائل موجود ہیں، جبکہ دریائی ریت اور بجری میں دیگر قیمتی معدنیات اور دھاتوں کی موجودگی کے امکانات بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت معدنی وسائل کو معاشی ترقی اور عوامی خوش حالی کا ذریعہ بنانا چاہتی ہے، جس کے لیے تجارتی شراکت داریوں کی تلاش جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے رعایتی نرخوں پر زمین بھی فراہم کی جارہی ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ضروری سہولتیں فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے بتایا کہ معدنیات کی تلاش اور لائسنس کے اجرا سمیت مختلف سہولتوں کی فراہمی کے لیے پورٹل موجود ہے، جس کے ذریعے سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنایا جارہا ہے۔

فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنا، سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا اور معدنی شعبے میں مقامی و بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

خبر شیئر کریں: