وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر اردوان کی اہم ملاقات، علاقائی امن اور مذاکرات پر اتفاق
انطالیہ میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات، خطے میں کشیدگی کم کرنے، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، کشیدگی میں کمی، سفارتی مذاکرات اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق سربراہی اجلاس کوپ 31 کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور جاری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ پر گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے ترک صدر کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بالخصوص معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی جانب سے امن اور مذاکرات کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا۔
صدر رجب طیب اردوان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار اور ان سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی کوششوں میں ترکیہ کی مسلسل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام متعلقہ فریقین کو اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے اور اہم قومی امور پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی سوڈانی رہنما جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات
کوپ 31 کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سوڈان کی عبوری خودمختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان سے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم نے سوڈان کی خودمختاری، قومی اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے موجودہ حالات میں سوڈانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے عالمی فورمز پر باہمی رابطہ کاری اور تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
فن لینڈ کے صدر سے ملاقات، تجارت اور موسمیاتی ٹیکنالوجی میں تعاون پر بات چیت
وزیراعظم شہباز شریف نے فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے سیلاب کی پیشگی اطلاع، آبی وسائل کے انتظام، گلیشیئرز کی نگرانی، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت اور بروقت انتباہی نظام کے لیے فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔
انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والی فن لینڈ کی کمپنیوں نوکیا، وارٹسلا، میٹسو اور ویسالا کی موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹیلی کمیونیکیشن، جدید صنعت، ماحول دوست ٹیکنالوجی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔
ملاقات میں یوکرین اور مغربی ایشیا کی صورتحال سمیت عالمی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کی اہمیت پر بھی بات چیت ہوئی۔
فن لینڈ کے صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر الیگزینڈر اسٹب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس روانہ
ترکیہ میں ملاقاتوں اور کوپ 31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف انطالیہ سے وطن واپس روانہ ہوگئے۔
انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کے نائب وزیر ماحولیات حسن سوور نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔





