کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کرنے والی پولیس ٹیم پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 11 اہلکار شہید
مسلح افراد کی فائرنگ سے 12 اہلکار زخمی، پولیس کی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی گئی، گورنر خیبرپختونخوا نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس ٹیم پر مسلح افراد کے حملے میں ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر سمیت 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان گمبٹ کے علاقے دربوکچ جلندھر بانڈہ میں پیش آیا، جہاں پولیس ٹیم غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچی تھی۔
ترجمان کوہاٹ پولیس کے مطابق مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار موقع پر شہید اور زخمی ہوگئے۔
شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس کی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی، جبکہ واقعے کے بعد پولیس کی مزید نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ حملے کے بعد علاقے میں اضافی نفری طلب کی گئی، جبکہ ابتدائی اطلاعات میں فائرنگ جاری رہنے کی بھی اطلاع دی گئی تھی۔
اسپتال میں ایمرجنسی نافذ، 12 اہلکار زخمی
حملے کے بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال کوہاٹ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے میں مجموعی طور پر 11 پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوئے۔
گورنر خیبرپختونخوا کی مذمت، رپورٹ طلب
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
گورنر نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس اہلکاروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
شہید ڈی ایس پی حیدر زمان نے 1987 میں پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی
حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی حیدر زمان کا تعلق ضلع لوئر دیر کے علاقے تالاش سے تھا۔
انہوں نے 1987 میں بطور سپاہی محکمہ پولیس میں ملازمت کا آغاز کیا اور ترقی کرتے ہوئے 2009 میں سب انسپکٹر کے عہدے پر پہنچے۔
حیدر زمان لوئر دیر کے مختلف تھانوں میں ایس ایچ او کے طور پر خدمات انجام دینے کے علاوہ دیر، ایبٹ آباد اور ہری پور میں پولیس ایلیٹ فورس کے کمانڈر بھی رہے۔
بعد ازاں وہ کوہاٹ میں ڈی ایس پی درہ آدم خیل اور ڈی ایس پی سٹی کے عہدوں پر بھی تعینات رہے۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے وقت ڈی ایس پی حیدر زمان غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف پولیس آپریشن کی قیادت کررہے تھے۔
شہید ڈی ایس پی کے پسماندگان میں و الدہ، اہلیہ، چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کے لیے مزید نفری طلب کی گئی ہے۔





