وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے اہم ملاقات، مہنگائی میں کمی اور عوامی ریلیف پر مشاورت

جاتی امرا میں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال، نواز شریف کی معاشی استحکام کے اقدامات تیز کرنے اور عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیح دینے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے اہم ملاقات، مہنگائی میں کمی اور عوامی ریلیف پر مشاورت

لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جاتی امرا میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال سمیت عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی موجود تھیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ مہنگائی کی شرح میں مزید کمی اور معاشی صورتحال بہتر بنانے کے امور بھی زیر غور آئے۔

ملاقات کے دوران ملک کی داخلی اور خارجی سیکیورٹی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیاسی اختلافات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی میں مزید کمی اور بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کو عملی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو معاشی استحکام کے لیے جاری اقدامات مزید تیز کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔

نواز شریف نے عوام کو درپیش معاشی مشکلات کم کرنے اور حکومتی اقدامات کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

خبر شیئر کریں: