عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا معاملہ، بیرسٹر گوہر کو 23 نومبر کو عدالت طلب کرلیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو تحریری جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی، تحریک انصاف مذکورہ ایکس اکاؤنٹ کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کرتی، بیرسٹر گوہر کا مؤقف

عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا معاملہ، بیرسٹر گوہر کو 23 نومبر کو عدالت طلب کرلیا گیا

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت 23 نومبر کو ہوگی، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر شہری غلام مرتضیٰ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کریں گے، جبکہ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کو معاملے پر اپنا تحریری مؤقف جمع کرانے کے لیے مہلت دے رکھی ہے۔

گزشتہ سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر علی خان نے بطور چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہوکر جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کے مذکورہ ایکس اکاؤنٹ کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کرتی۔

عدالت نے مہلت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ پارٹی اپنا مؤقف تحریری صورت میں جمع کرائے تاکہ معاملے پر مزید کارروائی کی جاسکے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے تھے کہ جواب جمع کرانے کے لیے وقت دیا جارہا ہے، لہٰذا جو بھی مؤقف اختیار کرنا ہے وہ تحریری طور پر عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔

آئندہ سماعت پر بیرسٹر گوہر علی خان کے علاوہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چودھری اور شمسہ کیانی، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حکام اور دیگر متعلقہ فریقین بھی عدالت میں پیش ہوں گے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر رکھی ہے۔

خبر شیئر کریں: