سپریم کورٹ نے بیوی کو آگ لگانے کے الزام میں انٹیلی جنس بیورو کے ملازم کی اپیل خارج،جبری ریٹائرمنٹ کا محکمانہ فیصلہ برقرار

فوجداری مقدمے میں بریت محکمانہ کارروائی سے بریت کے لیے کافی نہیں، گھر میں خواتین پر تشدد کو نجی معاملہ قرار نہیں دیا جاسکتا، سپریم کورٹ کا فیصلہ

سپریم کورٹ نے بیوی کو آگ لگانے کے الزام میں انٹیلی جنس بیورو کے ملازم کی اپیل خارج،جبری ریٹائرمنٹ کا محکمانہ فیصلہ برقرار

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بیوی کو آگ لگانے کے الزام میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ملازم جواد عباسی کی اپیل خارج کرتے ہوئے جبری ریٹائرمنٹ کا محکمانہ فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

جسٹس شاہد وحید کے تحریر کردہ فیصلے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق فوجداری مقدمے میں بریت محکمانہ کارروائی سے بریت کے لیے کافی نہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ سرکاری ملازم کی نجی زندگی کا کردار بھی محکمانہ احتساب کے دائرے میں آسکتا ہے۔ گھر کی چار دیواری میں خواتین پر تشدد کو نجی معاملہ قرار نہیں دیا جاسکتا، جبکہ خواتین کی عزت و وقار کا تحفظ آئینی ذمہ داری ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ماں، بیٹی، بہن یا بیوی کی حیثیت سے عورت کا ہر رشتہ قابل احترام ہے۔ بیوی پر تشدد اور آگ لگانے کے الزام میں آئی بی ملازم کی محکمانہ سزا برقرار رہے گی۔

سپریم کورٹ کے مطابق سرکاری ملازم کا کردار صرف دفتری فرائض تک محدود نہیں بلکہ اس کی نجی زندگی بھی اہمیت رکھتی ہے۔ متعلقہ محکمانہ انکوائری میں 13 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے۔

عدالت نے قرار دیا کہ خواتین پر تشدد میں ملوث سرکاری ملازم کا طرز عمل عوامی اعتماد اور ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے، جبکہ دفتر سے باہر کیا گیا جرم بھی سرکاری ملازمت پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔

فیصلے میں درج مقدمے کی تفصیلات کے مطابق جواد عباسی پر الزام تھا کہ انہوں نے 2022 میں اپنی اہلیہ پر تشدد کے دوران انہیں آگ لگائی اور جان سے مارنے کی کوشش کی۔

سپریم کورٹ نے ملازم کی اپیل خارج کرتے ہوئے جبری ریٹائرمنٹ کا محکمانہ فیصلہ برقرار رکھا۔

خبر شیئر کریں: