پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا پارٹی خود چلا رہی ہے، شیر افضل مروت کا الزام
سوشل میڈیا سے لاتعلقی کا اظہار غلط بیانی ہے، بعض پارٹی رہنماؤں کی حمایت سے سوشل میڈیا ٹیمیں سرگرم ہیں، رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت
اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا پی ٹی آئی ہی آپریٹ کر رہی ہے، یہ غلط بیانی کرتے ہیں جب یہ کہتے ہیں کہ ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کیا کسی نے سرکاری طور پر آج تک کہا ہے کہ یہ جو ٹرینڈز چلاتے ہیں ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ یہ سوشل میڈیا والے پارٹی کی جڑوں میں بیٹھے ہوئے ہیں، انہیں ان تین چار لوگوں کی تائید حاصل ہے جو خان صاحب سے فیصلے کرواتے ہیں، جن میں سلمان اکرم راجا اور علیمہ خان شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی آپ نے پی ٹی آئی یوٹیوبروں سے ان کی ٹرولنگ سنی ہے، انہوں نے خیبر پختونخوا کے ہر لیڈر کا تیا پانچا کیا مگر کیا انہوں نے یہ آج تک کہا ہے کہ سلمان اکرم راجا لاہور میں کیوں نہیں نکلتا۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ پنجاب کے کچھ لوگ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو لیڈ کرتے ہیں۔ جب یہ میرے پیچھے پڑتے تھے تو کوئی کچھ نہیں کہتا تھا، آج وہ سب کے پیچھے پڑ گئے ہیں تو انہیں ڈس اون کرنا یاد آ رہا ہے۔





