باجوڑ میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق، مہمند میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

باجوڑ میں آئی ای ڈی دھماکے کے بعد سرچ آپریشن جاری، مہمند میں انسداد پولیو ڈیوٹی پر جانے والے اہلکاروں پر حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی، ملزمان کی تلاش شروع

باجوڑ میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق، مہمند میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

پشاور: خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے تازہ واقعات میں ضلع باجوڑ میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ مہمند میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سے 2 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق باجوڑ کی تحصیل برنگ کے علاقے اصیل ترغاو میں آئی ای ڈی دھماکا ہوا۔ دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان نے ضلع مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

خبر شیئر کریں: