بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی درخواست، سماعت 5 نومبر کو ہوگی
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ جسٹس عمیر مجید ملک کے روبرو پیش ہوگی
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے جیل میں ملاقات کے لئے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے ارکان کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کر دی۔ رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ یہ درخواست جسٹس عمیر مجید ملک کی عدالت میں جمعرات (5 نومبر) کو سماعت کے لئے پیش کی جائے گی۔
یہ درخواست نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی جانب سے سینئر وکیل فیصل فرید چوہدری کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزاروں میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، محمود مولوی اور بیرسٹر سیف شامل ہیں، جبکہ سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ہوم پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے دیرینہ ساتھی اور دوست ہونے کی وجہ سے ان کی اور بشری بی بی کی صحت اور خیریت پر شدید تشویش ہے۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ، دوستوں اور قریبی رشتہ داروں کو کئی ماہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اور جیل حکام کا رویہ بھی نامناسب اور بدسلوکی پر مبنی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقاتوں پر غیر قانونی پابندی کے باعث سوشل میڈیا پر افواہوں اور قیاس آرائیوں کو ہوا مل رہی ہے، جس سے عوامی سطح پر بے چینی اور تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ حالات میں سیاسی استحکام، آئین کی بالادستی اور قومی مصالحت کے لیے عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔
موقف کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 کے علاوہ جیل قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، اور انہیں ملاقاتوں سے محروم رکھنا اقوام متحدہ کے نیلسن منڈیلا رولز کے بھی منافی ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پاکستان پریزن رولز 1978 کے تحت نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور اس کے لئے مناسب وقت مقرر کیا جائے تاکہ ان کی صحت، ویلفیئر اور قانونی تحفظ کا جائزہ لیا جا سکے۔





