سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ برقرار، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات کے کیس میں عدم حاضری پر حکم جاری، سماعت 15 نومبر تک ملتوی

سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ برقرار، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات کے کیس میں عدم حاضری پر سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے کیس کی مزید سماعت 15 نومبر تک ملتوی کردی۔ سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور میں 9 مئی کو ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں بھی عدالت نے سہیل آفریدی سمیت 5 ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ پبلک پراسیکیوٹر نے انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس میں پولیس کا چالان جمع کروادیا، چالان میں سہیل آفریدی، کامران بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا سمیت دیگر نامزد ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ کیس میں چالان جمع ہوگیا، ملزمان نامزد ہوگئے، انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ ملزمان میں سہیل آفریدی، کامران بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا شامل ہیں۔ چالان کے مطابق ملزمان کی تصدیق پنجاب فرانزک لیب، نادرا نے رپورٹس میں کی، دونوں رپورٹس میں ملزمان کے حملہ کیس میں موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

خبر شیئر کریں: