چینی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیدار لیو ہائی شینگ تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آمد، پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع، 2 نومبر کو پاک چین اعلیٰ سطحی تقریب کی مشترکہ صدارت کریں گے
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی سفارتی روابط کا سلسلہ جاری ہے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو ہائی شینگ تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی اور اسٹریٹجک تعاون کو نئی جہت دینے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیر لیو ہائی شینگ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچے ہیں۔ سینیٹر انوشہ رحمان اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر محمد فیصل نے اسلام آباد آمد پر معزز چینی مہمان کا استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران چینی وزیر پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جبکہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اعلیٰ سطحی تقریب کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی وزیر لیو ہائی شینگ کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کا حصہ ہے۔ پاکستان اور چین اپنی دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور ہر موسم کی تزویراتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل اعلیٰ سطحی روابط دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا واضح عکاس ہیں۔





