دہشت گردوں کی حمایت نہ روکی تو طالبان رجیم کو سنگین قیمت چکانا ہوگی، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاکستان دہشت گردی سمیت ڈرون خطرات کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر طالبان رجیم دہشت گردی کے حوالے سے ہماری بات نہیں مانتا تو اسے سنگین قیمت چکانا پڑے گی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افغان طالبان اپنے مذموم مقاصد کے لیے غیر ریاستی عناصر اور کرائے کے جنگجو استعمال کرتے ہیں، افغانستان کو اب بھی غیر ریاستی عناصر چلا رہے ہیں، یہ ایک رجیم ہے۔ افغان طالبان رجیم بھارت کی پراکسی ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے، دہشت گرد تنظیمیں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے بھی پاکستان کے خلاف بھارتی پراکسی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ روسی مداخلت کے بعد افغانستان میں متعدد ایجنسیوں اور پراکسیز نے اپنی جڑیں مضبوط کرلیں۔ جیش العدل، القاعدہ اور آئی ایس کے پی جیسی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں بھی افغانستان میں موجود ہیں، اس بات کی نشاندہی اقوام متحدہ اور امریکا کے علاوہ کئی ممالک کرچکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان طالبان سے صرف یہ کہتا ہے کہ وہ پاکستان کے اندر دہشت گردوں کی حمایت کرنا بند کرے، افغان طالبان رجیم نے نور ولی خارجی، بشیر زیب اور گل بہادر جیسے دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے، پاکستان میں دہشت گردی کے لیے تشکیلیں افغانستان سے آتی ہیں، وہیں سے انہیں اسلحہ ملتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اگر طالبان رجیم دہشت گردی کے حوالے سے ہماری بات نہیں مانتا تو اسے سنگین قیمت چکانا پڑے گی، افغان طالبان رجیم کی عالمی سطح پر کوئی ساکھ نہیں ہے، دنیا افغان رجیم کو نارمل ریاست والا رویہ اختیار کرنے پر مجبور کرے۔ بین الاقوامی برادری افغان طالبان کو مجبور کرے کہ وہ منشیات کی کاشت اور پیداوار روکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج افغانستان رجیم کے تمام خطرات بشمول ڈرونز کا سدباب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
ماخذ:





