الجزائر کا قومی دن، صدر آصف علی زرداری کی صدر تبون اور عوام کو مبارکباد

پاکستان الجزائر سے دوستی مزید مستحکم اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، صدر آصف علی زرداری

الجزائر کا قومی دن، صدر آصف علی زرداری کی صدر تبون اور عوام کو مبارکباد

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے الجزائر کے قومی دن پر صدر عبدالمجید تبون اور الجزائر کے عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور الجزائر کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات اور تاریخی دوستی قابلِ قدر ورثہ ہیں۔

اپنے تہنیتی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ الجزائر کے عوام کی جرات اور قربانیاں آزادی اور وقار عزیز رکھنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، پاکستان الجزائر کے ساتھ دوستی مزید مستحکم اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان نے نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف الجزائر کی جدوجہد آزادی میں بھرپور ساتھ دیا، 1958ء میں الجزائر کی عبوری حکومت کو پاکستان کی جانب سے تسلیم کرنا دونوں ممالک کی گہری یکجہتی کا مظہر ہے، پاکستان اور الجزائر کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات اور تاریخی دوستی قابلِ قدر ورثہ ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی الجزائر کی قیادت کے ساتھ دوستی نے پاک الجزائر تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان اور الجزائر اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی حمایت کرتے ہیں، دونوں ممالک ریاستوں کی خودمختاری، مساوات اور عوام کے حقِ خودارادیت کے حامی ہیں، صدر آصف علی زرداری نے صدر عبدالمجید تبون کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

خبر شیئر کریں: