فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر تجاوزات کا معاملہ، سی ڈی اے نے 15 دن کی مہلت دے دی

سیکیورٹی کیبن اور جنریٹر ہٹانے کی ہدایت، 15 روز بعد کارروائی ہوگی، نوٹس؛ معمول کی انسدادِ تجاوزات مہم کا حصہ ہے، طلال چوہدری

فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر تجاوزات کا معاملہ، سی ڈی اے نے 15 دن کی مہلت دے دی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ سے متعلق سی ڈی اے نے نوٹس جاری کرتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کے لیے 15 روز کی مہلت دے دی۔

مکان مالک امان اللہ کو ارسال کیے گئے نوٹس میں گرین ایریا پر قائم سیکیورٹی گارڈ کیبن اور جنریٹر ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ رہائشگاہ میں بنائے گئے کچن کو بھی عمارتوں سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

نوٹس کے مطابق مقررہ مدت میں تجاوزات نہ ہٹائے جانے کی صورت میں سی ڈی اے خود کارروائی کرے گا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ نوٹس دارالحکومت میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت معمول کی کارروائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دین یا سیاست کو غیر قانونی سرگرمیوں کے دفاع کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

خبر شیئر کریں: