فضل الرحمان بعض الفاظ سے گریز کرتے تو بہتر تھا، جوابی حملے بھی نامناسب ہیں، بیرسٹر گوہر
سیاسی قیادت کشیدگی کم کرے، انتخابی اصلاحات میں حکومت اور اپوزیشن کو برابر نمائندگی دی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی تناؤ بہت بڑھ چکا ہے، ایسے حالات میں تمام سیاسی قائدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ مولانا فضل الرحمان کی تقریر کے جواب میں جس انداز سے حملے کیے گئے، وہ نامناسب ہیں اور ایسے رویے سے گریز کرنا چاہیے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنی تقریر میں بعض الفاظ استعمال نہ کرتے تو بہتر ہوتا، تاہم ان کی تقریر کے ردعمل میں جس طرح کی سخت زبان اور حملوں کا مظاہرہ کیا گیا، اسے درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ماحول میں مزید کشیدگی پیدا کرنے کے بجائے متنازع امور سے گریز کرنا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک میں تناؤ کی صورتحال تشویش ناک حد تک بڑھ چکی ہے اور سیاسی رہنماؤں کو اپنے طرزِ عمل میں احتیاط برتنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم ریڈ لائن کراس کرنے والے نہیں، ریاست سب سے پہلے ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے علمبرداروں کو اپنی دوہری پالیسی ختم کرنا ہوگی، جب سیاسی معاملات میں دوہرے معیار کا خاتمہ ہوگا تو حالات بہتر ہونے کی راہ ہموار ہوگی۔
انتخابی اصلاحات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر اصلاحاتی کمیٹی میں اپوزیشن کے صرف پانچ اور حکومت کے دس ارکان شامل ہوں گے تو ایسی کمیٹی میں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ انتخابی اصلاحات کے لیے تمام فریقوں کو برابر کی نمائندگی دی جانی چاہیے تاکہ اصلاحات غیر جانبدار اور قابلِ قبول ہوں۔
انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ اگر وہ واقعی غیر جانبدار انتخابی اصلاحات چاہتی ہے تو 2017ء کے طرز پر ایک کمیشن تشکیل دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی عمل میں برابری کی بنیاد پر نمائندگی شامل کرنے سے مثبت نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے ایجنڈے پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کی اپنی سیاست اور اپنا مؤقف ہے، ہم کسی کی بات پر عمل نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی انتشار اور چیلنجز کا پوری قوم مل کر مقابلہ کرتی ہے، اس لیے ملک کے اندر سیاسی کشیدگی بڑھانے کے بجائے قومی یکجہتی کو اہمیت دینی چاہیے۔





