سنگاپور کے وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

علاقائی سیکیورٹی اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو، سنگاپور کے وزیر خارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، آئی ایس پی آر

سنگاپور کے وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

راولپنڈی: سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں مسلسل رابطوں اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن، استحکام اور سیکیورٹی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینا اور بامقصد رابطے برقرار رکھنا اہمیت کا حامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے بھی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔

ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ مفادات کے تحفظ، علاقائی استحکام اور دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور ادارہ جاتی تعاون کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔

خبر شیئر کریں: