بلاول کی ہدایت پر اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹیوں میں شرکت کی دعوت دی، شیری رحمان
اپوزیشن کمیٹیوں میں آکر تحفظات پیش کرے اور بائیکاٹ ختم کرے، نائب صدر پیپلز پارٹی کی گفتگو
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر آج اپوزیشن وفد سے ملاقات کی اور انہیں دونوں ایوانوں میں بننے والی انتخابی اصلاحات کی کمیٹیوں میں اپنی شمولیت یقینی بنانے کی دعوت دی۔
اپوزیشن وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن سے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کی کمیٹی میں لازمی شرکت کریں، فعال کردار ادا کریں اور اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار کریں۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹیاں پارلیمانی امور کا دل ہوتی ہیں، اگر اپوزیشن ان میں غیر حاضر رہے گی تو اس کے تحفظات کیسے دور کیے جا سکیں گے؟ ہمارا مؤقف ہے کہ اپوزیشن ان تمام قائمہ کمیٹیوں میں بھی واپس آئے جن کا اس نے بائیکاٹ کر رکھا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ہر دور کے اپنے چیلنجز ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی ہر دور میں انتخابی اصلاحات کے لیے میثاق کی بات کرتی آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے ہماری بات خیر سگالی کے جذبے سے سنی اور مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ امید ہے کہ اپوزیشن ہماری تجاویز کا مثبت جواب دے گی۔





