دوہری شہریت پر 95 افسران کا جواب، سینیٹ کمیٹی نے وفاقی وزیر کو طلب کرلیا

2900 افسران کو فارم بھیجے گئے، 1071 نے جمع کرائے؛ جواب نہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کی تجویز۔

دوہری شہریت پر 95 افسران کا جواب، سینیٹ کمیٹی نے وفاقی وزیر کو طلب کرلیا

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن کے اجلاس میں سرکاری افسران کی دوہری شہریت کا معاملہ زیر بحث آیا، جہاں حکام نے بتایا کہ اب تک صرف 95 افسران نے اپنی دوہری شہریت ظاہر کی ہے، جبکہ تقریباً 2900 افسران کو اس حوالے سے ڈیکلریشن فارم بھجوائے گئے تھے۔ کمیٹی نے معاملے کی مزید وضاحت اور متعلقہ حکام سے جواب طلب کرنے کے لیے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رانا محمود الحسن کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں دوہری شہریت، سرکاری افسران کی جانب سے معلومات فراہم کرنے، رائٹ آف وے بل، موبائل فون پر ٹیکس، کسٹم گودام میں آتشزدگی اور چیئرمین اوگرا کے اضافی چارج سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ مجموعی طور پر 2900 سرکاری افسران کو دوہری شہریت سے متعلق ڈیکلریشن فارم بھجوائے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق 1071 افسران نے ڈیکلریشن جمع کرائے، جبکہ اب تک 95 افسران نے دوہری شہریت رکھنے کی اطلاع دی ہے۔ تقریباً ایک ہزار افسران نے بتایا کہ ان کے پاس دوہری شہریت نہیں ہے۔

حکام نے بتایا کہ افسران کو تین مختلف اقسام کے فارم فراہم کیے گئے ہیں تاکہ ان سے متعلقہ معلومات حاصل کی جاسکیں۔ جن افسران نے مطلوبہ ڈیکلریشن جمع نہیں کرائے، ان کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کے لیے وزیراعظم کو بھی لکھا گیا ہے۔

سینیٹر سعدیہ عباسی نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران کی دوہری شہریت سے متعلق معلومات سامنے آنا ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو افسران اپنی دوہری شہریت ظاہر نہیں کرتے، انہیں اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کمیٹی نے معاملے کی اہمیت کے پیش نظر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا، تاکہ اس حوالے سے مزید وضاحت حاصل کی جاسکے۔

اجلاس کے دوران ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے سرکاری افسران کو این او سی جاری کیا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان کے 22 ممالک کے ساتھ دوہری شہریت سے متعلق معاہدے ہیں، تاہم متعلقہ اداروں کے پاس ایسا کوئی نظام موجود نہیں جس کے ذریعے یہ معلوم کیا جاسکے کہ کوئی پاکستانی بیرون ملک دوسرا پاسپورٹ استعمال کر رہا ہے یا نہیں۔

ایف آئی اے حکام نے مزید بتایا کہ دوسرے ممالک بھی اس حوالے سے پاکستانی حکام کو لازماً معلومات فراہم نہیں کرتے، جس کے باعث دوہری شہریت رکھنے والے افراد کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

اجلاس کے دوران سینیٹر شہادت اعوان نے نشاندہی کی کہ وفاقی وزیر، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیکرٹری قانون و انصاف کو اجلاس میں شرکت کی سفارش کی گئی تھی، تاہم ان میں سے کوئی بھی شریک نہیں ہوا۔ کمیٹی نے مختلف امور پر متعلقہ اداروں سے وضاحت طلب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں ممبر لیگل آئی ٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ رائٹ آف وے بل کابینہ سے منظور ہوچکا ہے، جبکہ اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ حکام کے مطابق مشاورت مکمل ہونے کے بعد بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ موبائل فون پر عائد ٹیکس کا تعین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کرتا ہے، جبکہ ٹیکس وی بوک (WeBOC) نظام کے ذریعے وصول کیا جاتا ہے۔

ایف بی آر حکام کے مطابق موبائل فون کی قیمت کا تخمینہ اس کی لانچنگ، اسٹوریج کی سہولت اور ساخت سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر لگایا جاتا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس معاملے پر مزید سفارشات بھی موصول ہوئی ہیں، جن پر کام جاری ہے۔ کمیٹی نے نان کسٹم ٹیبلیٹس اور آئی پیڈز پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش بھی کی۔

اجلاس میں لک پاس کسٹم گودام میں آگ لگنے کے واقعے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے کمیٹی کو بتایا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں آگ جان بوجھ کر لگائے جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔

اس پر کسٹم حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ آگ دانستہ لگائے جانے کے حوالے سے کوئی حتمی ثبوت موجود نہیں اور یہ نتیجہ صرف لیبارٹری رپورٹ کی بنیاد پر اخذ کیا گیا ہے۔ اس معاملے پر متعلقہ حکام کے درمیان مؤقف کا اختلاف سامنے آیا۔

اجلاس میں سینیٹر سعدیہ عباسی نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا اضافی چارج دینے کا معاملہ اٹھایا اور اس انتظام پر سوالات کیے۔

سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے مؤقف اختیار کیا کہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو اضافی چارج دینے میں کوئی مفادات کا ٹکراؤ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین اوگرا کے عہدے کے لیے اشتہار دیا گیا تھا، تاہم کوئی موزوں امیدوار سامنے نہیں آیا۔

اجلاس میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ بعض کمپنیوں نے اربوں روپے منافع حاصل کیا، جبکہ اوگرا مؤثر کردار ادا نہ کرسکا۔ اس تناظر میں کہا گیا کہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو اضافی چارج دینا اس مسئلے کا مستقل حل نہیں ہے۔

اجلاس میں مختلف معاملات پر غور کے بعد کمیٹی نے دوہری شہریت کے معاملے کو مزید جانچنے اور متعلقہ حکام سے وضاحت حاصل کرنے کے لیے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔

خبر شیئر کریں: