ملٹیپل سکلروسیس کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق
خصوصی پروگرام کی منظوری، مریض دس لاکھ روپے تک علاج کی سہولت حاصل کرسکیں گے، طبی پروٹوکولز کے تعین کے لیے ایڈوائزری کمیٹی بھی بنائی جارہی ہے۔
لاہور: صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 121 واں اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے اجلاس میں شرکت کی۔
ہیلتھ اکانومسٹ ڈاکٹر محمد عدنان خان اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ بورڈ ممبر پروین آغا، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی شفاعت علی و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔ سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور سابق ڈی جی ہیلتھ پنجاب و ممبر بورڈ ڈاکٹر زاہد پرویز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ملٹیپل سکلروسیس کے مریضوں کو سہولت دینے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے شعبہ صحت میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
حکومت پنجاب کی جانب سے ملٹیپل سکلروسیس کے مریضوں کے لیے خصوصی پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ منتخب ہسپتالوں سے صحت کے تمام خصوصی پروگراموں کے تحت مریضوں کو اب تک 37 ارب روپے سے زائد کے مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ بورڈ نے 120 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کے شعبے میں تاریخی اور بنیادی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ملٹیپل سکلروسیس کے مریض دس لاکھ روپے تک کے مفت علاج معالجے کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔ مریضوں کے علاج معالجے کے پروٹوکولز کا تعین کرنے کے لیے ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ پنجاب کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے کہا کہ منتخب ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ منتخب ہسپتالوں میں مریضوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





