مریم نواز کا کسان بینک بنانے اور ایک کروڑ تک بلاسود قرضوں کا اعلان

تین کروڑ روپے کے قرضے پر 2 فیصد اور پانچ کروڑ پر 5 فیصد شرح سود ہوگی، کسان کارڈ پر فی ایکڑ قرضہ بھی بڑھانے کا اعلان۔

مریم نواز کا کسان بینک بنانے اور ایک کروڑ تک بلاسود قرضوں کا اعلانAI Generated

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاشتکاروں کے لیے بڑے اعلانات کرتے ہوئے صوبے میں پہلا اپنا کسان بینک قائم کرنے اور ایک کروڑ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ کاشتکاروں کو ایک کروڑ روپے تک قرضہ زیرو مارک اپ پر دیا جائے گا جبکہ 3 کروڑ روپے کے قرضے پر 2 فیصد اور 5 کروڑ روپے کے قرضے پر 5 فیصد شرح سود ہوگی۔

انہوں نے گندم کے امدادی نرخ 4500 روپے فی من پر خریداری یقینی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسان کارڈ پر فی ایکڑ قرضے میں 3500 روپے اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد قرضے کی رقم 30 ہزار سے بڑھ کر 33 ہزار 500 روپے ہو جائے گی۔

مریم نواز نے زیتون کی کاشت کے لیے خصوصی پیکیج کا بھی اعلان کیا جبکہ کاشتکاروں سے سموگ کے خاتمے کے لیے فصلوں کی باقیات نہ جلانے کی اپیل کی۔

کسان کارڈ سے متعلق جاری اعداد و شمار کے مطابق 10 لاکھ سے زائد چھوٹے کاشتکار اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں، کاشتکاروں کو 25 ہزار ٹریکٹر سبسڈی پر فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 50 ہزار ٹریکٹر سبسڈی پر دیے جا رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق کاشتکاروں کو 17 ارب روپے کے سبسڈی لون دیے جائیں گے، 1500 ایگریکلچر انٹرن فیلڈ میں موجود ہیں جنہیں ماہانہ 70 ہزار روپے ادا کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ 11 سال میں 3 ارب روپے کی فنانسنگ کی گئی جبکہ زراعت کا بجٹ 15 ارب روپے سے بڑھا کر 400 ارب روپے تک لے جایا گیا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ہائی ٹیک میکانائزیشن کے لیے 70 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں اور پاکستانی کمپنیاں 30 ہزار ٹریکٹر تیار کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پوٹھوہار میں 400 منی ڈیم بنائے جا رہے ہیں، ایک سال میں 4 لاکھ جانوروں کی فربہی کی گئی جبکہ رواں سال مزید 6 لاکھ مویشی تیار کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبہ ملک کی 70 فیصد غذائی ضروریات پوری کر رہا ہے جبکہ گندم کی سپورٹ پرائس 4500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

خبر شیئر کریں: