ساہیوال میں 9 سالہ بچے سے مبینہ اجتماعی زیادتی، دو ملزمان گرفتار

بچے کی والدہ کی شکایت پر تین افراد کے خلاف مقدمہ درج، پولیس نے دو ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔

ساہیوال میں 9 سالہ بچے سے مبینہ اجتماعی زیادتی، دو ملزمان گرفتار

ساہیوال: اوڈھ کالونی کے علاقے محلہ محمد پورہ میں 9 سالہ بچے کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ بچے کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

درج مقدمے میں بیان کیے گئے واقعات کے مطابق 16 اکتوبر کو بچہ دن تقریباً ساڑھے 11 بجے گھر سے باہر کھیلنے کے لیے نکلا تھا۔ اس دوران تین افراد نے مبینہ طور پر اسے روک کر قریبی کھیتوں کی جانب لے گئے، جہاں بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

درخواست گزار کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر بچے کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تاکہ وہ واقعے کے بارے میں کسی کو نہ بتائے۔ بعدازاں بچے کو اس کے گھر کے قریب چھوڑ دیا گیا۔

متاثرہ بچے نے گھر پہنچنے کے بعد اہل خانہ کو پیش آنے والے واقعے سے آگاہ کیا، جس پر اس کی والدہ نے پولیس سے رجوع کرکے قانونی کارروائی کی درخواست دی۔

پولیس تھانہ غلہ منڈی نے والدہ کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 375 اے کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق مقدمے میں تین افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں سے دو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تفتیش کررہی ہے۔ تاہم ملزمان پر عائد الزامات کی حتمی حیثیت کا تعین تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔

خبر شیئر کریں: