بیرونِ ملک بھجوانے کے نام پر فراڈ، ایف آئی اے کی کارروائیوں میں 190 ملزمان گرفتار
اسلام آباد اور راولپنڈی میں چار ماہ کے دوران 1543 مقدمات درج، شہریوں سے لوٹی گئی 61 کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد
راولپنڈی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اسلام آباد زون نے غیر قانونی ویزا ایجنٹس، انسانی اسمگلنگ اور شہریوں سے دھوکا دہی میں ملوث افراد کے خلاف گزشتہ چار ماہ کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے 190 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ اس دوران مجموعی طور پر 1543 مقدمات درج کیے گئے اور شہریوں سے لوٹی گئی 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم برآمد کی گئی۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر شہزاد ندیم بخاری کی نگرانی میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز نے کارروائیاں تیز کیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد بیرونِ ملک ملازمت اور سفر کے نام پر شہریوں سے رقم بٹورنے والے غیر قانونی ایجنٹس اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرنا ہے۔
جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے گزشتہ چار ماہ کے دوران 668 مقدمات درج کیے اور 70 ملزمان کو گرفتار کیا۔ اس دوران مختلف کارروائیوں میں شہریوں سے حاصل کی گئی 20 کروڑ 45 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کی گئی۔
اسی عرصے میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے 875 مقدمات درج کرکے 120 ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران 41 کروڑ 10 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔
دونوں سرکلز کی مجموعی کارکردگی کے مطابق چار ماہ میں 1543 مقدمات درج ہوئے، 190 ملزمان گرفتار کیے گئے اور 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم برآمد کی گئی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری نے کہا کہ ادارہ شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت اور سفر کے نام پر ہونے والے فراڈ سے محفوظ رکھنے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سرگرم ہے۔ ان کے مطابق شہریوں سے دھوکا دہی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
شہزاد ندیم بخاری نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بیرونِ ملک ملازمت یا ویزے کے حصول کے لیے کسی ایجنٹ سے معاملہ کرنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت اور متعلقہ دستاویزات کی تصدیق ضرور کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے تاکہ شہری مالی نقصان اور دھوکا دہی سے بچ سکیں۔





