امریکا میں دنیا کی سب سے بڑی کاؤ بوائے ٹوپی تیار، سائز جان کر حیران رہ جائیں گے

17 فٹ اونچے ماڈل کو فارمولا ون ریس سے پہلے پیش کیا گیا، منتظمین کے مطابق گینیز ورلڈ ریکارڈز نے بھی تصدیق کردی۔

امریکا میں دنیا کی سب سے بڑی کاؤ بوائے ٹوپی تیار، سائز جان کر حیران رہ جائیں گے
(تصویر: سرکٹ آف دی امریکاز)

آسٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں کاؤ بوائے ٹوپی کا ایک بڑا ماڈل تیار کیا گیا ہے، جس کی لمبائی 47 فٹ، چوڑائی 43 فٹ اور اونچائی 17 فٹ ہے۔

یہ ماڈل آسٹن کے سرکٹ آف دی امریکاز ریس ٹریک اور ملبوسات کے برانڈ ٹیکوواس نے مل کر تیار کیا ہے۔ اس کا ڈیزائن کمپنی کی کیٹل مین کاؤ بوائے ٹوپی جیسا رکھا گیا ہے۔

ٹیکوواس کے 19 اکتوبر کو جاری کردہ بیان کے مطابق گینیز ورلڈ ریکارڈز کی ٹیم نے اسی روز ریس ٹریک پر ماڈل کا معائنہ کرکے عالمی ریکارڈ کی تصدیق کی۔

اس کی تیاری میں اسٹیل کے ڈھانچے کے گرد فائبر گلاس اور فوم استعمال کیا گیا ہے۔ بیرونی سطح اور رنگ کو اصل ٹوپی جیسا بنایا گیا ہے، جبکہ اس پر ٹوپی کی پٹی اور گھوڑے کی نعل کی شکل کی سجاوٹ بھی موجود ہے۔

ماڈل کے بتائے گئے سائز میں اسے سہارا دینے والے ستون شامل نہیں ہیں۔ اس کے نیچے شائقین کے جمع ہونے اور سائے میں وقت گزارنے کی جگہ بھی رکھی گئی ہے۔

اسے فارمولا ون کی یو ایس گراں پری سے پہلے متعارف کرایا گیا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ریس کے بعد بھی یہ ماڈل ریس ٹریک پر موجود رہے گا۔

خبر شیئر کریں: