ایشین پیرا گیمز میں پاکستان کے حیدر علی نے چاندی کا تمغہ جیت لیا
جاپان میں ڈسکس تھرو کے مقابلے میں 57.20 میٹر کی شاندار تھرو، سونے کا تمغہ صرف 19 سینٹی میٹر کے فرق سے ہاتھ سے نکل گیا۔
جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایشین پیرا گیمز میں پاکستان کے نامور پیرا ایتھلیٹ حیدر علی نے مردوں کے ایف 37 ڈسکس تھرو مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت لیا۔
41 سالہ حیدر علی نے 21 اکتوبر کو ہونے والے مقابلے میں 57.20 میٹر کی بہترین تھرو کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ وہ سونے کا تمغہ جیتنے والے ازبکستان کے کھلاڑی قدرت اللہ خان معروف خواجائیف سے صرف 19 سینٹی میٹر پیچھے رہے۔
ازبکستان کے کھلاڑی نے 57.39 میٹر کی تھرو کے ساتھ ایشین پیرا گیمز کا نیا ریکارڈ قائم کیا، جبکہ بھارت کے ہنی نے 57.04 میٹر کی تھرو کرکے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
حیدر علی نے مقابلے میں مجموعی طور پر چھ تھروز کیں۔ ان کی پانچویں کوشش سب سے کامیاب رہی، جس میں انہوں نے 57.20 میٹر کا فاصلہ طے کیا اور اپنا ذاتی بہترین ریکارڈ بھی بہتر بنایا۔
مقابلے کے بعد حیدر علی نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس بڑے مقابلے کی تیاری کے لیے ایک سال تک محنت کی تھی، جس کا انہیں صلہ ملا۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی اس سے قبل ٹوکیو پیرالمپکس میں سونے، بیجنگ پیرالمپکس میں چاندی اور ریو و پیرس پیرالمپکس میں کانسی کے تمغے بھی جیت چکے ہیں۔
ایشین پیرا گیمز میں بھی وہ پاکستان کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ناگویا میں حاصل ہونے والا چاندی کا تمغہ ان کی بین الاقوامی کامیابیوں میں ایک اور اضافہ ہے۔





